شاہ محمود کی رومانیہ کے ہم منصب سے ملاقات دفاع سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے رومانیہ کے وزیر خارجہ بوگدان اوریسکو وزیراعظم نکولائی سے ملاقات کی۔ دونوں کے مابین تہنیتی جملوں کا تبادلہ ہوا۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بوگدان اوریسکو نے دورہ رومانیہ کی دعوت قبول کرنے اور رومانیہ آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور رومانیہ کے درمیان قریبی اور باہمی تعاون پر مبنی تعلقات کو سراہا۔ تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور جلد اسلام آباد میں ہوگا۔ مشترکہ اقتصادی کمشن کو بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزارت خارجہ رومانیہ میں، پولیٹینیکا یونیورسٹی آف بخارسٹ کے ساتھ پاکستانی طلباء کو مستقل بنیادوں پر سکالرشپ فراہم کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ شاہ محمود قریشی، 9 سے 10 جنوری 2022ء تک رومانیہ کا دورہ مکمل کر کے اگلے مرحلے کیلئے سپین چلے گئے۔ وزیر خارجہ نے رومانیہ کے دورے کے دوران رومانیہ کے وزیر اعظم مسٹر نکولا چیوکا، رومانیہ کے وزیر خارجہ بوگدان اوریسکو اور رومانیہ کے وزیر برائے اقتصادیات فلورین اسپاتارو سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر خارجہ نے ان حالیہ ملاقاتوں کو پاکستان اور رومانیہ کے مابین ایک نئے دور کے آغاز سے تعبیر کیا۔ اس موقع پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) اور رومانیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (RCCI) کے درمیان تعاون کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔ بالخصوص IIOJK میں صورتحال کی سنگینی اور افغانستان کے تناظر میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔ رومانیہ نے پاکستانی عوام کے لئے پانچ لاکھ کرونا ویکسین کے تحفہ کا اعلان بھی کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے رومانیہ کے وزیراعظم نکولائی چیوکا سے ملاقات میں کہا پاکستان رومانیہ کے ساتھ وسیع البنیاد اور نتیجہ خیز تعلقات استوار کرنے کا خواہاں ہے۔ رومانیہ کے وزیراعظم نے افغانستان کے تناظر میں پاکستان کے کردار اور رومانیہ کے شہریوں کے انخلاء میں اسلام آباد کی طرف سے فراہم کی جانے والی معاونت کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے یورپی یونین میں پاکستان کے لئے جی ایس پی پلس کے حوالے سے رومانیہ کی حمایت کو سراہا۔