حکومت گرانے کیلئے تمام جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں: حمزہ شہباز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت نے اللہ کی مخلوق سے ظلم کیا۔ مری میں مشینری چلی اور نہ ہی انتظامیہ۔ عمران خان اور بزدار سوئے رہے۔ بنی گالہ پر چلنے والا ہیلی کاپٹر اس وقت عوام کیلئے کیوں نہ اڑا جب وہ بیس بیس گھنٹے سے برف میں پھنسے تھے۔ اللہ اور عوام آپ کی پکڑ کریں گے۔ مری میں امپورٹڈ سٹیٹ آف دی آرٹ مشینری موجود ہے۔ ہم نے سنو سکوٹرز لے کر دئیے تاکہ ایمرجنسی میں لوگوں کو نکال سکیں۔ حکومت گرانے کیلئے تمام جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ اتحادیوں کو سوچنا ہوگا کہ پاکستان پہلے اور اتحاد بعد میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے ظفر اور معروف کے اہلخانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ حمزہ شہباز نے کہا تیسرا دن ہے سانحہ مری پر قوم صدمے میں ہے، قوم کو کہنا چاہتا ہوں گاڑیوں میں بچیوں کی ویڈیو دیکھی جو برف دیکھنے گئیں وہ گاڑی میں مر گئیں، چند گھنٹوں میں ایک لاکھ گاڑی داخل ہوئی تو ہلاکتوں پر نیازی کمبل اوڑھ کر سوئے رہے۔ وزراء نے مری جاکر مگر مچھ کے آنسو بہائے۔ وہی عمران نیازی ہے جب کراچی میں جہاز کریش ہوا تو نتھیا گلی میں سیر سپاٹے کررہا تھا، سوٹ پہن کر وزیر داخلہ ٹریفک پولیس کا کردار ادا کررہا تھا۔ کسان کھاد کیلئے جگہ جگہ پر خوار ہو رہا ہے۔ چینی کیلئے لائنوں میں لگنا پڑتا ہے۔ عمران کہتا مہنگائی نہیں ہوئی۔ اسمبلی اجلاس کے لئے ریکوزیشن بھجوا رہا ہوں جس میں مری حادثہ کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کریں گے۔ فارن فنڈنگ رپورٹ نے سرٹیفائیڈ چور عمران خان کو ڈکلئیر کر دیا ہے، تمہیں قوم کے سامنے منہ دکھانے کا موقع نہیں دیں گے۔ کرتوت فارن فنڈنگ کیس میں کھول دئیے ہیں۔ پاکستان میں خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی و بے روزگاری ہے۔ تین سو پچاس ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے جارہے ہیں۔ قوم کو یقین دلاتا ہوں ن لیگ ہر وہ راستہ اختیار کرے گی جو حکومت کو گھر بھیجے گی۔ مری معاملے پر حکومت کو پتلی گلی سے نکلنے نہیں دے گی۔ اپنے کیے کا نیازی کو حساب دینا ہوگا۔ عدم اعتماد ہو یا احتجاج ہو پاکستان کو بچانے کا موقع ہے‘ انہیں گھر جانا پڑے گا۔