• news

پیپلز لائرز فورم وفد کی ملاقات‘ بلاول نے مارچ میں شرکت کی ہدایت کر دی

لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قوم کو اس وقت ریکارڈ مہنگائی و بے روزگاری کی شکل میں مشکل ترین حالات کا سامنا ہے اور نااہل حکومت کی وجہ سے ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔ وکلا برادری قدم بڑھا ئے، پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی کے لئے وکلاء برادری 27 فروری کو نکلنے والے لانگ مارچ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز لائرز فورم پنجاب کے حمایت یافتہ مختلف بار ایسوسی ایشنز کے کامیاب عہدیداران کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کیا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے پی ایل ایف کی حمایت سے کامیاب ہونے والے لاہور بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر رائو سمیع ایڈووکیٹ، ڈسٹرکٹ بار ملتان کے نومنتخب صدر وسیم خان بابر، قصور ڈسٹرکٹ بار کے صدر مرزا نسیم الحسن، حافظ آباد بار ایسوسی ایشن کی نومنتخب خاتون صدر خالدہ کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو ایک وکیل نے قائم کیا اور ایک دوسرے وکیل نے قوم کو متفقہ آئین کا تحفہ دیا۔ ملک میں جمہوریت اور آئین و قانون کی حکمرانے کے لئے وکلاء کی جدوجہد ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ ملک کو بحرانوں کی دلدل سے باہر نکالنے کے لئے وکلاء برادری قائدانہ کردار ادا کرنے لئے ایک بار پھر کمر کس لے۔

ای پیپر-دی نیشن