سانحہ مری نے حکومتی کارکردگی کو بے نقاب اور قوم کو سوگوار کردیا :سبطین حیدرسبزواری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے مری میں برفباری کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ قرار دیا ہے۔ سانحہ مری نے حکومتی کارکردگی کو بے نقاب اور قوم کو سوگوار کردیا ہے۔ حکومت کے سیاحت کو فروغ دینے کے بلند بانگ دعووں اور سیاحوں کے لئے ناقص انتظامات کی قلعی کھول دی ہے۔میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سیاحت کو فروغ دینے کے دعوے کرتے نہیں تھکتے جبکہ دوسری طرف حکومت کے پاس ریاستی مشینری سیاحوں کو سہولیات تو درکنا ر انہیں تحفظ دینے میں ناکام ہے۔