پی ایس ایل میچز میں شائقین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی پر اتفاق
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پی ایس ایل سیون کے لاہور میں شیڈول میچز کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں منعقدہ اجلاس کی نگرانی چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کی۔اجلاس میں ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اور چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں ڈی سی لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، سی ٹی او لاہور سمیت صوبائی حکومت کے دیگر سیکورٹی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں لیگ کے میچز کی سیکورٹی اور سٹیڈیم کے باہر فینز زون کے انتظامات کو حتمی شکل دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکاء نے سٹیڈیم آمد کے لیے تماشائیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ اس دوران لیگ کے دنوں میں سٹیڈیم کے اردگرد مجوزہ ٹریفک پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے لیگ میچز میں کم از کم ٹکٹ250 روپے ہو گی ۔لیگ میچز میں زیادہ سے زیادہ ٹکٹ 3 ہزار روپے کا ہو گا ۔ٹکٹس پانچ سو ، ایک ہزار اور دو ہزار میں بھی دستیاب ہوں گے ۔پلے آف ٹکٹوں کی قیمت یہی ہو گی ۔فائنل میں ٹکٹ 15 سو لے کر 4 ہزار روپے تک کا ہوگا