7سفیر تبدیل،سابق صدر آزاد کشمیر مسعود خان امریکہ تعینات
اسلام آباد (فرحان علی سے) وزارت خارجہ پا کستان نے سعودی عرب، امریکہ، کینیڈا میں تعینا ت سفراء سمیت سات سفراء کے تبادلے کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید کو واشگٹن ڈی سی امریکہ سے تبدیل کر کے پاکستان ایمبیسی بیلجیئم برسلز تعیناتی کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ جبکہ سابق صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان کو امریکہ میں پاکستان کا نیا سفیر تعینات کر دیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری اقوام متحدہ نبیل منیر کو تبدیل کر کے بطور پاکستانی سفیر کوریا تعینات کر دیا گیا ہے۔ جبکہ وزارت خارجہ میں ہی ایڈیشنل سیکرٹری یورپ کے فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹر محمد طارق کا تبادلہ کرکے بطور پاکستانی سفیر الجیریا تعینات کر دیا ہے۔ وزارت خارجہ نے سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر کی جگہ کینیڈا میں تعینات پاکستانی سفیر امیر خرم راٹھور کو سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر تعینات کر دیا ہے۔ جبکہ بیلجیئم، لیگسمبرگ اور یورپی یونین میں تعینات پاکستانی سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ کو تبدیل کر کے پاکستانی ہائی کمشن کینیڈا تعینات کر دیا ہے۔ وزارت خارجہ نے قونصل جنرل میلان اٹلی میں تعینات پا کستانی سفیر ڈاکٹر منظور کا تبادلہ کرکے حال ہی میں افریقی ملک کوڈیوا میں کھلنے والے نئے قونصلیٹ میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سفارتخانہ افغانستان میں تعینات حسن وزیر کو گھانا میں پاکستانی سفیر تعینات کر دیا گیا ہے۔