پارلیمنٹ کی مضبوطی میں عوامی مسائل کا حل مضمر ہے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی بلوچستان اختر حسین لانگو نے وفد کے ہمراہ اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چیئرمین ساجد احمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ جبکہ وفد میں پبلک اکائونٹس کمیٹی بلوچستان کے ارکان ظہور احمد بلیدی صوبائی وزیرپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، زمرک خان صوبائی وزیر خوراک اور ارکان بلوچستان اسمبلی حاجی محمد نواز کاکڑ، نصراللہ خان زیرے اورملک نصیر احمد شاہوانی سمیت دیگر سرکاری افسران شامل تھے۔ ملاقات میں بلوچستان سمیت ملکی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور صوبوں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران گفتگو پنجاب اور بلوچستان کے درمیان روابط اور وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی مضبوطی میں ہی عوامی مسائل کا حل مضمر ہے۔ عوام کی ترقی کا سفر جاری رہنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے تمام صوبوں کو ساتھ مل کر خصوصی اقدامات کرنے ہوں گے۔ چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی بلوچستان اختر حسین لانگو نے تاریخی قانون سازی پر سپیکر پنجاب اسمبلی کو خراج تحسین پیش کیا۔ پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان کے فعال ہونے پر سپیکر چودھری پرویز الٰہی کو مبارک باد دی۔ وفد نے پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ اور ایوان کا دورہ بھی کیا۔ ملاقات میں ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔