نوازشریف کو واپس لائیں،شہباز ،کیخلاف ہائیکورٹ جائیں:وفاقی کابینہ کی اٹارنی جنرل کو ہدایت
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف کا بیرون ملک جانا بیماری نہیں فراڈ پر مبنی تھا، نواز شریف کی بیرون ملک سرگرمیوں سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ریاست پاکستان اور اس کے قانون کا مذاق اڑا رہے ہیں، نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کے فراڈ میں شہباز شریف مکمل طور پر ملوث ہیں، شہباز شریف نے عدالت میں جعلی بیان حلفی جمع کرایا جو آرٹیکل 63 کی خلاف ورزی ہے۔ وفاقی کابینہ نے شہباز شریف کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سانحہ مری کی تحقیقات کے لئے اعلی سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے، پانچ روز میں ایک لاکھ 64 ہزار گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں، صرف پانچ گاڑیوں میں 22 افراد جاں بحق ہوئے، ہلاکتوں کے واقعات کلڈنہ اور باڑیاں کے درمیان ہوئے، کچھ لوگ گاڑیوں سے اتر کر جانے کی بجائے گاڑیوں میں ہیٹر لگا کر سو گئے، گاڑیوں میں کاربن مونو آکسائیڈ بھرنے کی وجہ سے اموات ہوئیں۔ وزیراعظم نے سانحہ مری پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس پروگرام کے ذریعے اسلام آباد میں 400 کنال رقبہ پر محیط رہائشی منصوبہ شروع کرنے کی منظوری دی، اس منصوبے سے دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، کابینہ نے مالی سال 2020-21کی چوتھی سہ ماہی کے بجلی کے نرخوں کی ایڈجسٹمنٹ کرنے کی بھی منظوری دی، یہ ایڈجسٹمنٹ تین اقساط میں صارفین کو ادا کی جائے گی، اس سے بجلی صارفین کو ریلیف ملے گا۔ کابینہ اجلاس میں سمبڑیال کھاریاں موٹر وے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم نے راولپنڈی کھاریاں موٹر وے منصوبے پر جلد عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ برفباری کے طوفان کے باعث درخت سڑک پر گرے، سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگیں، شدید برفباری کی وجہ سے مشینری اور ہیلی کاپٹرز کا پہنچنا مشکل تھا، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ گاڑیوں میں ہیٹر لگانے کی وجہ سے کاربن مونو آکسائیڈ کی زیادتی ہوئی اور اموات واقع ہوئیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں اندرونی سیاحت میں انقلاب آیا ہے، ہمارا انتظام برطانوی دور سے چلا آ رہا ہے، ماضی میں اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ حکومت نے سیاحت کو بطور شعبہ فروغ دینے کی کوشش کی۔ حکومت نے 13 نئے سیاحتی سپاٹس تیار کئے، آزادی کے بعد سے ایک بھی سیاحتی سپاٹ تیار نہیں ہوا تھا۔ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لئے سیاحت کو انڈسٹری کا درجہ دینا ہوگا۔ مری میں انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے معاملات پر نظرثانی کی جا رہی ہے، نئے قوانین بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور سول اداروں نے بھرپور طریقے سے ریسکیو امور انجام دیئے، 24 گھنٹے کے اندر لاکھوں لوگوں کا انخلاممکن بنایا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ناران، کاغان سمیت دیگر بالائی علاقوں میں بھی سیاحت پر دبائو ہے، بہت سے لوگ ان علاقوں میں موجود ہیں، خیبر پختونخوا اور پنجاب کی حکومتیں سیاحتی مقامات کی سختی سے نگرانی کر رہی ہیں، اتھارٹیز کو مخصوص وارننگز کا سلسلہ شروع کرنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے معاون خصوصی برائے سیاحت اعظم جمیل کو پی ٹی ڈی سی بورڈ آف ڈائریکٹرز اور چیئرمین نیشنل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے شہباز شریف کے خلاف ہائی کورٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے، اٹارنی جنرل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کریں، شہباز شریف یا تو نواز شریف کو پاکستان واپس لائیں بصورت دیگر شہباز شریف کو نااہل کیا جانا چاہئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کو وفاقی وزیر اسد عمر اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کرونا کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ پاکستان میں کرونا کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان نے کرونا وباکا کامیاب حکمت عملی سے مقابلہ کیا، ان تمام کامیابیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاک ڈائون ہو گا نہ ہی تعلیمی ادارے بند کئے جائیں گے۔ الیکشن کمشن نے رائے دی ہے کہ 15 اپریل کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں، اس سے پہلے الیکشن کمشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینز فراہم کر دی جائیں گی۔ کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن کے چیئرمین اور ممبرز تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ آصف رشید کو بطور چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ جبکہ کابینہ نے وزارت خارجہ کی سفارش پر سعودی حکومت کی طرف سے پاک فضائیہ کے 100 اہلکاروں کو دیئے گئے نوت التمرین میڈلز کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دی ہے۔ کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ٹرسٹ ایکٹ 2020کے تحت کریڈٹ گارنٹی ٹرسٹ فنڈ کا ریگولیٹر بنانے کی منظوری دی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے مالی سال 2021-22کے بجٹ تخمینوں کی منظوری دی اور مالی سال 2020-21کے نظرثانی شدہ بجٹ تخمینوں کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے وزارت صنعت و پیداوار کی سفارش پر چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ رضا عباس شاہ کے کنٹریکٹ میں دو سال کی توسیع کرنے کی منظوری موخر کر دی ہے۔ کابینہ نے ایف بی آر کی سفارش پر سابقہ وفاقی و صوبائی سابقہ قبائلی علاقہ جات میں نان کسٹم گاڑیوں کی ریگولرائزیشن کی منظوری اور بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کی منظوری موخر کر دی ہے۔ کابینہ نے قومی اقلیتی کمیشن میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر لیاقت مسیح قیصر کی بطور ممبر تعیناتی کی منظوری دی ہے۔ کابینہ نے سائنس، ٹیکنالوجی اور انوویشن پالیسی 2021کی منظوری دی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے فیڈرل گورنمنٹ اینالسٹ (نارکوٹکس) کی تعیناتی کی منظوری موخر کر دی ہے۔ کابینہ نے کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے 22 دسمبر 2021کو منعقدہ اجلاس‘ کمیٹی برائے نجکاری کے 31 دسمبر 2021کو منعقد ہونے والے اجلاس اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 31 دسمبر 2021اور 5 جنوری 2022کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ چین سے پچاس ہزار میٹرک ٹن کھاد درآمد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ آئی پی پیز کو 50 ارب روپے ادا کر دیئے گئے ہیں، پاور سیکٹر کی لیکویڈیٹی ضروریات کے لئے 100 ارب روپے جاری کئے جائیں گے، آئی پی پیز کے ساتھ تنازعہ حل ہو گیا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے اندر جو صورتحال چل رہی ہے اس سے ایسے لگ رہا ہے کہ ن لیگ کے ایم این ایز پارٹی سے الگ ہو جائیں گے۔