افغانستان کے منجمد فنڈز ، اثاثے فوری بحال کیے جائیں:لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) نائب امیرجماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ سے افغانستان کے علما وفد نے ملاقات کی، وفد نے کہا کہ افغانستان کی صورتِ حال پوری دنیا، انصاف پسند جمہوری اور انسانی حقوق کے حلقوں کی سنجیدہ توجہ کی مستحق ہے۔ افغانستان میں عوام اور طالبان کامیاب ہوئے اور 40 سال سے طویل مسلّط کردہ جنگ کے بعد امارتِ اسلامی افغانستان میں حکمران ہے۔ طویل اور ہولناک جنگ کے اثرات نے افغانستان کے معاشرہ کو سنگین حالات سے دو چار کر رکھا ہے۔ عالمِ اسلام افغانستان کو اِن بحرانوں سے نکالنے کے لئے کردار ادا کرے۔لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کی طرف سے افغان علما اور عوام کو یقین دلایا کہ ہمارا ایمانی، انسانی، ہمسائیگی اور تہذیبی رشتہ بہت بڑی طاقت ہے۔ خطہ میں بدامنی کے خالق پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی سازش کرتے ہیں۔ ہماری دینی اور اقدار کی مشترکات اکٹھی ہیں۔ جماعت اسلامی کا دوٹوک مؤقف ہے کہ افغانستان حکومت کو فوری تسلیم کیا جائے اور افغان قیادت کو دُنیا کے ساتھ روابط وتعاون کا آزاد موقع ملنا چاہیے، امریکا اور یورپی ممالک افغانستان کے منجمد فنڈز اور اثاثے فوری طور پر بحال کریں یہ افغان عوام کا حق ہے۔ انسان دشمن رویہ ترک کیا جائے۔ دنیا بھر کے مسلمان طالبان اور افغان عوام کی کامیابی کیلئے خواہش مند اور دعا گو ہیں۔