قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان جویریہ خان بھی اَن فٹ ہو گئیں
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم میں انجریز کا انبار لگ گیا، سعدیہ اقبال اورکائنات امتیاز کے بعد قومی کپتان جویریہ خان انجری کا شکار ہو کر کیمپ سے باہر ہو گئیں۔آئی سی سی ویمن ورلڈکپ 2022 کیلئے پاکستانی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ کراچی میں جاری ہے، میگا ایونٹ سے قبل قومی ٹیم کی تین کھلاڑی ان فٹ ہوگئی ہیں، سعدیہ اقبال گزشتہ روز انگلی میں فریکچر کے باعث کیمپ سے باہر ہوگئی تھیں۔قومی کپتان جویریہ خان گھٹنوں کی انجری اور کائنات امتیاز کلائی میں تکلیف کے باعث کیمپ جوائن نہیں کرسکیں گی۔ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کیلئے کراچی میں جاری تربیتی کیمپ میں پریکٹس میچز کا آغاز ہو گیا، لڑکے اور لڑکیوں کے درمیان مقابلے سے کھلاڑیوں کی صلاحیتیں اجاگر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے پاکستان خواتین کھلاڑیوں کا کراچی میں پریکٹس کیمپ جاری ہے جس کے دوران نیشنل سٹیڈیم میں ہارڈ ہٹنگ پر خصوصی فوکس کیا گیا ہے۔ ہائی پرفارمنس اکیڈمی میں خواتین کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ کیمپ 19جنوری تک جاری رہے گا۔ کیمپ میں 33 کھلاڑی شرکت کر رہی ہیں۔