منی بجٹ 22کروڑ عوام پر مہنگائی کا کلہاڑا ہے:اسلم گل
لاہور(نامہ نگار)پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے کہا ہے کہ منی بجٹ کی صورت میں 22کروڑ عوام پر مہنگائی کا کلہاڑا مارا جا رہا ہے۔اپوزیشن بحران خان کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف متحد نہ ہوئی تو تاریخ اسے معاف نہیں کرے گی۔اسلم گل نے کہا کہ سلیکٹڈ ٹولہ جب سے ملک پر مسلط ہوا ہے۔ عوام ایک کے بعد دوسرے بحران کی زد میں ہیں۔غریبوں کے چولہے ٹھنڈے کرنے والا خان ڈھٹائی سے کہتا ہے کہ پاکستان اب بھی دیگر ممالک کے مقابلے میں سستا ملک ہے۔ حکومت کی ان عوام اور ملک دشمن پالیسیوں کے خلاف عوام میدان عمل میں نکل آئیں اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اعلان کردہ 21جنوری کے ٹریکٹر ٹرالی مارچ اور 27فروری سے شروع ہونیوالے لانگ مارچ میں بھر پور شرکت کریں تاکہ ملکی معیشت اور عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے حکمرانوں کو ان کے اصل انجام تک پہنچایا جا سکے۔