فٹبال کا فروغ: ماہرہ خان ‘احد رضا میر‘بلال اشرف‘مشک کلیم میدان میں آگئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان میں فٹبال کو فروغ دینے کیلئے 4 نامور شخصیات گلوبل ساکر وینچرز کی سپورٹ کیلئے میدان میں آگئیں۔یہ اقدام مائیکل اوین کی جانب سے قومی ٹیلنٹ ہنٹ مہم کے آغاز کے بعد سامنے آیا ہے جس کا اعلان گزشتہ ہفتے گلوبل ورچوئل کانفرنس کے بعد کیا گیاتھا۔ چار مشہور ستاروں میں ماہرہ خان، احد رضا میر، بلال اشرف اور مشک کلیم شامل ہیں۔ ماہرہ خان نے کہا کہ فٹبال کی صورت میں کھیلوں کی ایک نئی لیگیسی کا حصہ بننا میرے لیے نہایت اعزاز کی بات ہے، گلوبل ساکر وینچرز حقیقی معنوں میں فٹبال کا لینڈ اسکیپ تعمیر کر رہا ہے اور پاکستان میں اسے کامیاب بنانے کیلئے یہ ان کی مستقل مزاجی اورلچک کا منہ بولتا ثبو ت ہے۔احدرضا میر نے کہا کہ میں نوجوانوں کی طاقت پر یقین رکھتا ہوں اور اس اقدام کا حصہ بننا، یہ مجھے انتہائی فخر کااحساس دلاتا ہے، میں اب پاکستان میں فٹبال کے ذریعے نوجوانوں کے لیے ایک نئی لیگیسی تخلیق کرنا چاہتا ہوں۔مشک کلیم کا کہنا تھا کہ فٹبال ایک گلیمرس کھیل ہے لہٰذا میں فوراً ہی جی ایس وی کے ویژن کا حصہ بن گئی جس کا مقصد پاکستان میں فٹبال کے کھیل کو دوبارہ توانائی بخشنا ہے۔ بلال اشرف نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے درست سمت میں ایک بہت بڑا قدم ہے، میری تمام طاقت اور جنون پاکستان میں فٹبال کی ترقی کیلئے ہے لہٰذاہمیں اب بلند آواز میں #FootballHoga کہنے کی ضرورت ہے۔