چوہنگ: ہوٹل میں گیس سلنڈر دھماکہ سے پھٹ گیا‘ 8 زخمی
لاہور (نامہ نگار) چوہنگ کے ایک ہوٹل میں گیس لیکج کے باعث سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹنے سے آگ لگ گئی۔ جس کی زد میں آکر 8افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ملتان روڈ پر واقع میاں مارکیٹ میں ایک ہوٹل میں ناشتہ تیار کرنے کے دوران گیس لیکج کے باعث سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا اور آگ لگ گئی۔ جس کی زد میں آکر محمد جمیل، فیصل، آصف، محمد وسیم، عمردراز، بابر علی اور محمد جنید جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا اور آگ پر قابو پالیا ہے۔ زخمیوں کا کہنا ہے کہ سلنڈر کو گرم پانی کے پتیلے میں رکھا گیا، پانی ابلنے اور گیس لیکج سے سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹنے سے آگ لگ گئی۔ ان کا مزید کہناتھا کہ اس ہوٹل میں ایک مرتبہ پہلے بھی گیس لیکج کی وجہ سے بلاسٹ ہوا تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔