• news

کرونا ، 13اموات ، 5ماہ بعد ایک دن میں 2ہزار کیسز ، مثبت شرح 4.7فیصد

اسلام آباد، بیجنگ (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے 13 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ 5 ماہ بعد پہلی بار ایک دن میں دو ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح4.7 فیصد ہو گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 2 ہزار 74 کیسز سامنے آئے ہیں، اس کے مزید 446 مریض شفایاب ہو گئے، پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 987 کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 9 ہزار 248 ہو چکی ہے۔ چوبیس گھنٹے کے دوران وبا کے 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جو 23 ستمبر کے بعد پہلا موقع ہے۔ 21 دسمبر کے بعد پہلی بار 13 ہلاکتوں کے ساتھ اموات کی تعداد بھی دوہرے ہندسے میں پہنچ گئی ہے۔ فعال کیسز کی تعداد 20 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ جبکہ 628 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا سب سے بڑے تجارتی ملک چین میں تجارتی کام متاثر ہونے سے عالمی سپلائی چین متاثر ہو گی۔ چین میں اومی کرون ڈیلٹا ویرینٹ سے کرونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کرونا کیسز میں اضافے پر چین کے 3  شہروں میں لاک ڈاؤن کیا جا چکا ہے۔ چینی شہروں میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے مختلف صنعتوں میں بھی کام بند کر دیا گیا ہے۔بیرون ملک سے آنے والوں کیلئے قرنطینہ پالیسی تبدیل کر دی گئی۔ کرونا مثبت افراد گھر پر 10 روز قرنطینہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن