• news

بلاول مارچ نئے سا ل کی طفل تسلی ، ضمانتی  شہباز و عدہ پورا کریں : حسان خاور

لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب و ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی ہر جماعت کا اپنا ’’ہاؤس ڈس آرڈر‘‘ ہے۔ جو اپوزیشن میں رہ کر متفق نہ ہو سکے وہ ان ہاؤس تبدیلی کیا لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ٹی ٹیز اور سیاسی شعبدہ بازی کے ماہر ہیں۔ شہباز شریف اپنے مجرم بھائی کے ضمانتی‘ شہباز شریف کو سب سے پہلے اپنے وعدے کی  پاسداری کرنی چاہیئے۔ ضامن بننے والے کو قانون کے سامنے جوابدہ ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مری واقعہ پر بھی اپوزیشن نے سیاست کرکے اخلاقی دیوالیہ پن کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سنگین مجرموں کا کھلم کھلا ہسپتالوں میں رہنا بلاول اور وزیراعلیٰ سندھ کا رپورٹ کارڈ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’بلاول مارچ‘‘ نئے سال کی طفل تسلی ہے۔ قوم اس سیاسی بچگانہ پن پر ہنس رہی ہے۔ حسان خاور نے کہا کہ ہم کب سے مارچ کے منتظر ہیں لیکن اپوزیشن کا کسی ایک موقف یا تاریخ پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے ہم یہ تماشہ دیکھنے سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں محض اپنے اپنے مفادات کے پیچھے بھاگ رہی ہیں۔ جو پارٹیاں کسی ایک موقف پر متفق نہ ہو سکیں، وہ ملک کیلئے کیا متحد ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن