• news

ڈسکہ ضمنی انتخاب، الیکشن کمشن نے 60 افسروں کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا 

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار‘نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے معاملے پر 60 افسران کے خلاف کرپٹ پریکٹس کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمشن نے ڈی آر او سمیت 27 پریزائیڈنگ افسران اور 7 ایس ایچ اوز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق ڈی سی سیالکوٹ ذیشان احمد لاشاری اور سابق ڈی پی او سیالکوٹ حسن اسد کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سابق اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ اور سابق ڈی ایس پی سمبڑیال کے خلاف بھی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ الیکشن کمشن نے ڈپٹی ایجوکیشن افسران کے خلاف بھی کارروائی کی سفارش کی ہے۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر بھی کرپٹ پریکٹس کے مرتکب قرار پائے گئے، 8 اسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر اور پولیس اہلکاروں کو بھی غیر قانونی اقدامات میں ملوث قرار دیا گیا۔ الیکشن کمشن نے تمام افسروں کے خلاف ڈسپلنری ایکشن کی سفارش کرتے ہوئے تمام افسران کو دوبارہ الیکشن ڈیوٹی پر نہ لگانے کی ہدایت کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن