• news

وزیر خزانہ کو خود سمجھ نہیں آرہا مہنگائی کیوں ہورہی: بلاول

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایوان میں منی بجٹ پر ترامیم پیش کر دیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے خطاب میں کہاکہ بیکری آئٹمز، چائے، اس پر ٹیکس لگایا جا رہا ہے۔ نان،تندور، چپاتی، بند، رس، ریسٹورنٹس پر ٹیکس واپس لیا جائے۔ ملٹی میڈیا اور لیپ ٹاپ کی درآمد پر ڈیوٹی ختم کی جائے۔ وزیر خزانہ بتائیں ہماری ترامیم کو مانا جا رہا ہے یا نہیں۔ وزیر خزانہ کو خود سمجھ نہیں آ رہے کہ مہنگائی کیوں ہو رہی ہے۔ عوام سے پوچھیں وہ کیوں  شور مچا رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خزانہ دونوں اپنی زبان کے پکے نہیں انہوں نے اعلان کیا تھا۔ کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا۔ منی بجٹ بھی لے آئے اور 350 ارب روپے سے زائد کے ٹیکس بھی لگا دیئے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پی پی پی بلاو ل بھٹو زرداری سے ملاقات کیلئے اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر حیدر ہوتی اور خیبر پی کے میں اے این پی کے صدر ایمل ولی خان نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن