اپوزیشن کو اقتدار کی ہوس ہے ، قومی مفادات کا شعور نہیں : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو اپوزیشن بھی وہ ملی جسے قومی مفادات کا شعور ہے نہ ادراک۔ اپوزیشن جماعتوں نے پہلے اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش کی اور پھر ان عناصر نے کرونا، ڈینگی اور مری واقعہ پر سیاست چمکانے کی کوشش کی۔ اپوزیشن جماعتوں کا قومی ایشوز پر سیاست کرنا بے حسی اور سنگدلی ہے۔ بدقسمتی ہے کہ اپوزیشن جماعتیں مخالفت برائے مخالفت میں انسانی زندگیوں پر بھی پوائنٹ سکورنگ کرنے سے باز نہیں آئیں۔ اپوزیشن کے رہنماؤں کے سینے میں دل نہیں بلکہ اقتدار کی ہوس ہے۔ دکھی انسانیت کو تنہاء چھوڑ کر سیاست کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قوم کی تائید سے اپوزیشن کو ہر موقع پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔عثمان بزدارکی خصوصی ہدایت پر قبضہ مافیاء کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے۔ کوٹ ادو میں قبضہ مافیاء کے خلاف آپریشن کے دوران423 کنال اراضی و اگزارکرائی گئی۔ واگزار کرائی گئی اراضی کی مالیت 12کروڑ روپے سے زائد ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری اراضی کو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لئے استعمال میں لایا جائے گا۔ سرکاری اراضی پر قابض افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پنجاب میں قبضہ مافیاء سے واگزار کرائی گئی اراضی کا ڈیٹا بنک بنایا جا رہا ہے۔ ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا کی نئی لہر میں شدت آ رہی ہے، شہریوں کو سنجیدگی دکھانا ہو گیا اور مریضوں کی شرح میں اضافہ تشویشناک ہے۔ ویکسین لگوانا سب کا قومی فریضہ ہے۔