حکومت شوگر انڈسٹری کے مسائل فوری حل کرے: ملز ایسوسی ایشن
لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان شوگرملز ایسویشن نے کہا ہے کہ حکومت نے شوگر انڈسٹری کے مسائل کے حل کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے۔ اس امر کا اظہار اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں کیا کیا ہے۔ اجلاس میں شامل تمام ممبران نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ مرکزی اور صوبائی حکومت میں اعلیٰ سطح پر اجلاسوں کے انعقاد اور شوگر انڈسٹری کے مسائل کو حل کرنے کے وعدوں کے باوجود اب تک کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں کی گئی۔ حکومت نے چینی کی صنعت کو مسابقتی بنیاد پر چلانے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب پھر سے چینی کی قیمتوں کے تعین کی باتیں شروع ہوگئی ہیں۔ جبکہ حکومت نہ تو مڈل مین کو ختم کر سکی ہے اور نہ ہی شوگر انڈسٹری کو سرکاری نرخ 225 روپے فی من پر گنا دلوا سکی ہے۔ اسی طرح مسابقتی کمشن اور ایف۔آئی۔اے کے مقدمات پر بھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ ایف۔بی۔آر۔ کی طرف سے بھی گزشتہ پانچ سال کے گوشواروں پر بھاری جرمانے لگائے گئے جس کے خاتمے کیلئے بھی وعدے تو ہوئے لیکن کام کچھ نہیں ہوا۔ یہ اقدامات ہر طرح سے شوگر انڈسٹری کیلئے متواتر مشکلات پیداکر رہے ہیں۔ اجلاس میں تمام ممبران نے حکومت سے ایک بار پھر درخواست کی ہے کہ ملک کی شوگر انڈسٹری کو بچانے کیلئے ان مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔