حریم شاہ کی رقم کیساتھ ویڈیو‘ برطانوی کرائم ایجنسی کو خط‘ انکوائری کی سفارش
اسلام آباد، کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے بھارتی رقم کے ساتھ ٹک ٹاکر حریم شاہ کی ویڈیو کے معاملے پر برطانوی کرائم ایجنسی کو خط لکھ دیا اور حریم شاہ کی سفری، شناختی تفصیلات فراہم کر دیں۔ حریم شاہ کے خلاف انکوائری کی سفارش کی گئی ہے۔ حریم شاہ نے ویڈیو میں کہا تھا کہ پاکستان سے بھاری رقم لیکر برطانیہ گئی بعد میں حریم شاہ نے کرنسی کے ساتھ اپنی ویڈیو ڈیلیٹ کر دی اور کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے پیسے بھائی کے ہیں۔ بھائی کے پیسے بھی غیر قانونی نہیں۔ حریم شاہ نے ویڈیو میں کہا تھا کہ پاکستانی روپے کی کوئی وقعت نہیں، کرنسی چینج کراؤ تو بہت کم ڈالر ملتے ہیں۔ مری میں برف پڑی تو لوگ مر گئے۔ برطانیہ میں بھی اتنی برف پڑتی ہے یہاں کوئی نہیں مرتا۔کراچی سے این این آئی کے مطابق متنازع ٹک ٹاک سٹار و اداکارہ حریم شاہ نے حال ہی میں اپنے پسندیدہ اور ناپسندیدہ سیاستدان کے حوالے سے بتا دیا۔ انہوں نے لندن میں ایک آفس کا دورہ کیا اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی۔ حریم شاہ نے پاکستانی کمیونٹی کے سوالات کے جواب دئیے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری میرے پسندیدہ جبکہ فیاض الحسن چوہان میرے ناپسندیدہ سیاستدان ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ مجھے سوشل میڈیا پر فحاشی کا ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے کیونکہ اداکارائیں مجھ سے زیادہ نازیبا لباس پہنتی ہیں۔