کرونا ، 5اموات ، مثبت کیسز 6.12فیصد : خیبر پی کے ، او میکرون کے مزید 16کیس
اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید3 ہزار 19 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 5 مریض اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 346 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 12 فیصد پر آ گئی پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 992 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 12 ہزار 267 ہو چکی ہے ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 23 ہزار 230 زیرِ علاج مریضوں میں سے 651 کی حالت تشویش ناک ہے۔ خیبر پختونخوا میں بھی اومیکرون کے وار جاری ہیں محکمہ صحت کے جاری کردہ نئے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اومیکرون کے مزید 16 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں اومیکرون سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 52 تک پہنچ گئی ہے۔بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس 2 لاکھ 47 ہزار 417 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ کیسز کی مجموعی تعداد 36317927 تک پہنچ گئی ہے بھارتی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ آٹھ ماہ سے زائد عرصے سے یہ پہلی بار ایک دن 2 لاکھ سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے کہا ہے کہ 85 فیصد سے زیادہ افریقی آبادی کو کووڈ 19 کی ویکسین نہیں لگائی گئی ہے چینی ریڈیو کے مطابق کووڈ 19 کی وبا باریرسمی پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں کووڈ 19 کی ویکسی نیشن کے منصوبے کے مطابق ویکسین کی کل خوراکیں ایک بلین تک پہنچ جائیں گی۔ امریکہ میں اومیکرون ویرینٹ کے تیزی سے پھیلاؤ اور شدید سردی کی وجہ سے حالیہ ہفتوں میں گروسری سٹورز میں چیزوں کی قلت میں اضافہ ہوا ہے ایسوسی ایٹ پریس کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قلت کی وجہ سے پیداواری اشیاء گوشت اور پیک شدہ زرعی اجناس کی دستیابی متاثر ہوئی ہے۔