گورنر خیبر پی کے نے پروفیسرخالد گوندل کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیدیا
لاہور ( سٹی رپورٹر) وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل کو خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کی طرف سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کے پانچویں کانووکیشن کے موقع پر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعودگوندل کو ان کی شعبہ طب میں گرانقدر خدمات،تحقیق اور قائدانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں گورنر خیبر پی کے و چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور شاہ فرمان نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا۔ پروفیسر خالد مسعود گوندل کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر،فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلراورکالج آف فزیشنزاینڈسرجنزپاکستان کے سینئرنائب صدررہے ہیں۔ اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسرخالدمسعودگوندل نے وائس چانسلرخیبرمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرضیاالحق اورفیکلٹی ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انسانیت کی خدمت میں دونوں جہانوں کی کامیابی ہے اور ہمیں ہر قدم پر خدمت کے پہلو کو مدنظر رکھنا چاہئے کیونکہ خدمت سے دنیامیں عزت اورآخرت میں کامیابی ملتی ہے۔گورنر خیبر پی کے وچانسلرخیبرمیڈیکل یونیورسٹی پشاورشاہ فرمان نے شرکاء سے خطاب میں کہاکہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت سے جو دلی سکون اور خوشی ملتی ہے اس کا کوئی نعمل البدل نہیں ہے۔