• news

پی ایس ایل 7 کا آفیشل ترانہ  عاطف اسلم ‘آئمہ بیگ گائیں گے

لاہور(سپورٹس رپورٹر) گلوکار عاطف اسلم اور گلوکارہ آئمہ بیگ پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے آفیشل ترانے میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ موسیقار عبداللہ صدیقی نے ترانے کو کمپوز کیا ہے۔ آفیشل ترانہ آئندہ ہفتے ریلیز کیا جائیگااور ایونٹ سے قبل اور میچز کے دوران وینیوز پر بجایا جاتا رہے گا۔پی سی بی کے مطابق یہ ترانہ پی ایس ایل 7 کے انعقاد پر شائقینِ کرکٹ کے جوش و جذبہ کی عکاسی کرتا ہے۔ اور پاکستان سمیت دنیا بھر کو درپیش کروناکی اس غیرمعمولی صورتحال کے دوران شائقینِ کرکٹ کیلئے تفریح کا باعث بنے گا۔یہ پہلا موقع ہوگا کہ عاطف اسلم پاکستان سپر لیگ کا آفیشل ترانہ گنگنائیں گے جبکہ آئمہ بیگ نے گزشتہ ایڈیشن کا آفیشل ترانہ "گروو میرا" بھی گنگنایا تھا۔نغمے کے پروڈیوسر عبداللہ صدیقی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا ترانہ تیار کرنا کسی بھی موسیقار کیلئے ایک خواب کی مانند ہوتا ہے، یہ اعزاز دینے پر پی سی بی کے مشکور ہیں۔ ایسا ترانہ تیار کرنے کی کوشش کی ہے جو کھیل کی روح کے مطابق ہو، یقین ہے کہ شائقین کرکٹ کو یہ ترانہ بہت پسند آئے گا۔

ای پیپر-دی نیشن