بھارتی بیڈ منٹن کے 7کھلاڑی کرونا کا شکار‘ٹورنامنٹ سے الگ کر دیا گیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک )عالمی وبا کرونا کے بھارت میں بیڈمنٹن کے ٹاپ سیڈ سمیت کئی کھلاڑی کرونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔عالمی چیمپئن شپ میں بھارت کیلئے چاندی کا تمغہ جیتنے والے ٹاپ سیڈ کھلاڑی کدامبی سری کانت سمیت سات بیڈمنٹن کھلاڑی کرونا سے متاثر ہوئے اور انہیں ٹورنامنٹ سے علیحدہ کردیا گیا ہے۔کھلاڑیوں میں سری کانت، اشونی پونپا، ریتیکا راہل ٹھکر، تریسا جالی، متھون منجوناتھ، سمرن امن سنگھی اور خوشی گپتا شامل ہیں، اس سے قبل 2019 عالمی چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والے بی سی پرنیت نے کرونا سے متاثر ہونے کے بعد نام واپس لے لیا تھا۔بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن نے کہا ہے کہ کرونا مثبت آنے والے کھلاڑی کے حریفوں کو "واک اوور’’ مل گیا ہے۔ کھلاڑیوں کے گذشتہ روز پی سی آر ٹیسٹ کئے گئے تھے، تمام کی رپورٹ مثبت آئیں، ان میں ڈبلز کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔اس سے قبل انگلینڈ کی پوری بیڈ منٹن ٹیم اس وقت ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوئی جب ان کے دو کھلاڑیوں اور کوچ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔