بنوں ، فوجی چوکی پر حملہ ، جوان شہید، میران شاہ میں آپریشن دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) دہشت گردوں نے بنوں کے علاقے جانی خیل میں فوجی پوسٹ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے 13 اور 14 جنوری کی درمیانی شب فوجی پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ جوانوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ کا فوری اور موثر جواب دیا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک سپاہی شہید ہو گیا۔ 26 سالہ سپاہی سرفراز علی شہید کا تعلق ضلع وہاڑی سے تھا۔ دریں اثناء شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کر کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران2 دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔ دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے ایریا کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق میران شاہ میں مارے جانے والے دہشتگرد کی شناخت زاہد عرف کوچے کے نام سے ہوئی ہے جو ٹی ٹی پی سے تعلق رکھتا ہے اور آئی ای ڈی بنانے میں ماہر تھا۔ تینوں دہشتگرد مقامی نہیں تھے انہیں گھر میں پناہ دی گئی تھی۔