• news

چاروں شریف سیاست سے مائنس ، نواز سے زیادہ شہباز کرپٹ : شیخ رشید 

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جمعہ کو وزرات داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے جو ہاتھ حکومت کے سر پر ہے وہ ہاتھ ان کے اپنے سر پر آجائے لیکن وہ ہاتھ ان کی گردن پر آئے گا سر پر کبھی نہیں۔ چوروں، ڈاکوؤں اور کم ظرفوں نے ملک کو اتنا لوٹا کہ بار بار آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا ہے۔ کل اسمبلی میں جو کچھ اپوزیشن کے ساتھ ہوا اب ان کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ اپوزیشن کے لانگ مارچ میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے مگر وہ یوم پاکستان کی پریڈ کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ او آئی سی کے مہمان بھی پریڈ دیکھنے آرہے ہیں۔ تین چار ماہ میں مہنگائی کا مکو بھی ٹھپ دیںگے۔ اپریل تک مہنگائی میں بہتری آجائے گی۔ آج ہی میں نے وزیر اعظم سے اس معاملے پر بات بھی کی ہے۔ آئی ایم ایف مجبوری ہے جسے حکومت پورا کرے گی۔ شیخ رشید نے کہاکہ پاکستانی سیاست سے چاروں شریف مائنس ہیں، شہباز شریف نوازشریف سے زیادہ کرپٹ ہے۔ نواز شریف آنا چاہتے ہیں تو آئیں ورنہ نہ آئیں۔ کیسوں کے فیصلے جلد ہونگے۔ جو ہاتھ حکومت کے سر پر ہے یہ وہ ہاتھ اپنے سر پر چاہتے ہیں۔ آئی ایم ایف گئے اپوزیشن آئی ایم ایف کے پاس جائے تو حلال ہے لیکن اگر عمران جائے تو پھر حرام ہے۔  وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ لونگ مارچ کرنا ہے یا لانگ مارچ جو مرضی ہے کرو لیکن یاد رکھو کہ 23مارچ کو او آئی سی کے اہم لوگ آئیں گے۔ جے ٹین بھی فضائی مارچ کرے گا۔ میں نے اپنے علاقے کے لوگوں سے جو وعدے کئے تھے ان پر کام شروع ہونے جا رہا ہے۔ راولپنڈی کے تمام منصوبے مکمل کریں گے۔ حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی۔ اپوزیشن ایک ہی مارچ کرے تاکہ ٹوکرا آپ پر رکھ دیا جائے۔ مری کا واقعہ صوبائی مسئلہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن