• news

نیب سکھر نے 4 سال میں 403 ملزموں کو سزائیں‘ اربوں روپے  ریکور کرائے: جاوید اقبال 

اسلام آباد (نا مہ نگار) نیب سکھر نے گزشتہ 4 سال کے دوران نیب آرڈیننس 1999ء کے سیکشن10 اور 25 Bکے تحت 403 ملزموں کو سزا دلوائی ہے اور ان سے اربوں روپے ریکور کئے گئے ہیں۔ جبکہ چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے نیب سکھر کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت  نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس  ہوا جس میں 10  اکتوبر 2017  سے31 دسمبر2021 تک نیب سکھر کی کارکردگی بالخصوص نیب آرڈیننس 1999 کی شق10 اور  25B  کے تحت سزائوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی سید اصغر حیدر، ڈی جی آپریشنز اور نیب کے دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ ڈی جی نیب سکھر مرزا سلطان محمد سلیم  نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیب سکھر نے بتایا کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں10 اکتوبر 2017 سے 31 دسمبر 2021 کے دوران نیب سکھر کی بھرپور پراسیکیوشن کے باعث نیب آرڈیننس 1999 کی شق 10 کے تحت 70 اور شق 25B کے تحت333 ملزمان کو سزا ہوئی۔ اجلاس کے دوران ڈی جی نیب سکھر نے بتایا کہ 2017 میں نیب آرڈیننس 1999 شق 10 کے تحت جن 26 ملزمان کو سز ا سنائی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین  نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کی مجموعی کارکردگی میں نیب سکھرکی شاندار کارکردگی کا اہم کردار ہے انہوں نے ڈی جی نائب سکھر مرزا سلطان محمدسلیم کی سربراہی میں نیب سکھر  کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ نیب سکھرمستقبل میں  بھی ایسی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھے  گا۔  انہوں نے کہا کہ نیب کا ایمان  کرپشن فری پاکستان ہے نیب کے تمام افسران  بدعنوانی کے خاتمے کو قومی فرض سمجھ کر ادا کررہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن