• news

صادق سنجرانی کے بھائی کی وفات پر صدر علوی‘جے یو آئی کی تعزیت 


اسلام آباد/ لاہور (نامہ نگاران) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کے بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت کیلئے ان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ پہنچ گئے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مرحوم کی دعائے مغفرت اور لواحقین کے صبر جمیل کی دعا کی۔ جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی لیڈر مولانا اسعد محمود نے وفد کے ہمراہ چیئرمین سینٹ سے بھائی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وفد میں سینیٹر مولانا عطاء الرحمان ایم این اے مولانا عبدالواسع ایم این اے سید محمود شاہ رکن قومی اسمبلی مولانا صلاح الدین ایوبی رکن قومی اسمبلی مفتی عبدالشکور شامل تھے۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کے بھائی(مرحوم) سالار خان سنجرانی کے ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجد میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر مملکت شہر یار خان آفریدی، سینیٹر فدا محمد، سینیٹر حاجی ہدایت اللہ اور دیگر پارلیمنٹیرین کے علاوہ پارلیمنٹ ہاؤس کے اعلیٰ حکام، ملازمین اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سابق وزیراعظم سینٹ میں اپوزیشن لیڈر سید یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی رہائش گاہ پر جاکر صادق سنجرانی سے ان کے چھوٹے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن