• news

پاکستان سپر لیگ،قومی کرکٹرز کی تیاریاں شروع،پاورہٹنگ کی پریکٹس


لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹرز نے پاکستان سپر لیگ کی تیاریاں شروع کردی ہیں ۔ قومی ٹیم اور کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں بیٹنگ پریکٹس کی، بابر اعظم نے مین پچ پر پاور ہٹنگ کی پریکٹس بھی کی۔پریکٹس کیلئے وہاب ریاض ، نسیم شاہ اور محمد نواز بھی موجود تھے۔بیٹنگ کوچ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر محمد یوسف نے بابر اعظم کو پریکٹس کروائی۔ بابر اعظم کی بیٹنگ دیکھنے کیلئے گراؤنڈ میں فینز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں وہ خواتین کیساتھ تصاویر نہ بنوانے سے متعلق گفتگو کررہے ہیں۔محمد رضوان نے کہا کہ میرے لیے خواتین بہت قابل احترام ہیں، میں خود کو اس قابل نہیں سمجھتاکہ جب کوئی ماں یا بہن میرے ساتھ تصویر کھنچوانے کا کہتی ہے تو میں ان کیساتھ تصویر بنواؤں۔ جو خواتین میرے ساتھ تصویر بنوانے کا کہتی ہیں میرے نزدیک ان کا معیار بہت اعلیٰ ہے۔ اگر چہ میری خواہش ہے کہ اس عمل پر ہماری مداح ماں بہنیں مجھ سے خفا نہ ہوں لیکن اس کے باوجود کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کے ذریعے میں خود کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔روہت شرما کے ساتھ موازنہ کرنے کے سوال پر رضوان نے کہا کہ کبھی ایسا سوچا نہیں کہ ان کے ساتھ میرا موازنہ کیا جائے، مجھے اے بی ڈی ویلیئرز اور سچن ٹنڈولکر پسند ہیں، مصباح الحق، یونس خان سے بہت کچھ چیزیں سیکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بابر اعظم جیسا میں نہیں ہوسکتا وہ مجھ سے بہت آگے ہیں، میں وکٹ کیپر بیٹسمین ہوں، میری محنت اور ان کی محنت میں فرق ہے، موازنے کی بات ہے تو میں کسی کے ساتھ کوئی موازنہ نہیں کرتا۔لاہورقلندرز کے کپتان فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کیلئے سال 2021ء انتہائی شاندار رہا، انہوں نے تینوں فارمیٹ میں اچھا پرفارم کیا۔شاہین شاہ آفریدی نے پی سی بی ایوارڈ کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور کہا کہ پی سی بی ایوارڈ ملنا فخر کے لمحات ہیں ، جس پرفارمنس پر ایوارڈ ملا اس میچ میں اچھا کرنا بہت ضروری تھا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کیخلاف میچ بہت اہم تھا ، ہم کبھی جیتے ہو ئے نہیں تھے ہمیں جیتنا تھا میری فارم لگی ہوئی تھی اور مجھے پتہ تھا کہ میں اچھی بائولنگ کروں گا ، پھر ایسا ہی ہوا کہ ہم بھارت کے خلاف میچ جیتے اور ایوارڈ بھی جیتا جس کی بہت خوشی ہے۔ بھارت کے خلاف میچ میں میری اچھی یادیں ہیں ، ہم نے پلان کیا ہوا تھا کہ ٹاپ سے وکٹیں لینی ہیں کیونکہ اگر اوپر سے وکٹیں لیں تو بھارتی بیٹنگ کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ جائیگی، وہ دباومیں آجائے گی اور ایسا ہی ہوا، اس لیے اس میچ کو میں اپنے لیے اب تک کا یادگار میچ کہوں گا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل رائونڈر انور علی نے شاہد خان آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اچھا انسان کہا اور ٹاپ پرفارمر قرار دیا۔ٹوئٹر پرمحمد حفیظ سے متعلق سوال پر انہوں نے پروفیسر کو لیجنڈ کہا۔پی ایس ایل میں کوئٹہ کے علاوہ انہوں نے کراچی کنگز سے کھیلنے کی خواہش ظاہر کی۔پسندیدہ میچ پر جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کا نام لیا، آل راؤنڈر نے محمد رضوان اور بابر اعظم کو پسندیدہ بیٹسمین قرار دیا۔ شادی کے سوال پر کہا کہ ایک کی تو ہوئی ہے۔قومی ٹیم میں اچھے دوست کے سوال پر کہا کہ ٹیم میں سارے ہی اچھے دوست ہیں، احمد شہزاد کو کسی فرنچائز کی جانب سے منتخب نہ کرنے پر انہوں نے افسوس کا اظہار کیا۔انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بھارت کے خلاف بہترین بائولنگ پر کہا کہ اس وقت میں چاند پر تھا۔ کرکٹر نہ ہوتا تو کسی فیکٹری میں مزدوری کررہا ہوتاجبکہ سرفراز احمد کو جان جہاں کہا۔

ای پیپر-دی نیشن