بے حس اپوزیشن رہنما یاد رکھیں انسانیت کی خدمت تقریروں سے نہیں ہوتی : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے انسانی زندگیوں پر منفی سیاست کرکے اپنی ساکھ ختم کر لی ہے۔ بے حس اپوزیشن رہنماؤں کو یاد رکھنا چاہیئے کہ دکھی انسانیت کی خدمت خالی تقریروں سے نہیں ہوتی۔اپوزیشن رہنماؤں نے ساڑھے 3 برس کے دوران صرف نعرے لگائے۔ اپوزیشن کا ایجنڈا ذاتی مفادات کا تحفظ اور دروغ گوئی ہے۔ عوام ایسے لیڈروں کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں۔ ساڑھے 3 برس کے دوران اپوزیشن کا کردار چور مچائے شور والا رہا ہے۔ احتجاجی سیاست سے عوام کی لاتعلقی کے بعد یہ لوگ مایوس ہو چکے ہیں۔ بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں قوم کوتقسیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ پاکستانی قوم اپوزیشن عناصر کے غیرذمہ دارانہ منفی رویے کوکبھی معاف نہیں کرے گی۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی ہدایت پر ’’احساس بازار‘‘ اور ’’دیوار احساس‘‘ کے بعد ’’احساس دسترخوان‘‘بھی قائم کردیاہے- ملتان میں مستحق افراد کے لئے جنرل بس سٹینڈ کے قریب’’احساس دستر خوان‘‘ کھل گیا۔ ’’احساس دستر خوان‘‘ پر مسافر وں اور نادار لوگوں کو بلامعاوضہ کھانے کی فراہمی کاآغاز کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت بے آسرا طبقے کا سہارا بنی ہے۔ بس سٹینڈوں پر ’’احساس دستر خوان‘‘ کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گااور دیگر شہروں میں بھی ’’احساس دستر خوان‘‘ قائم کئے جائیں گے- ضلعی انتظامیہ ملتان نے ’’احساس دسترخوان‘‘ قائم کر کے احسن اقدام کیا ہے-ڈپٹی کمشنرملتان عامر کریم نے ’’احساس دستر خوان‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کیا- ڈپٹی کمشنرملتان نے ’’احساس دسترخوان‘‘ کا دورہ کیااورکھانا کھایا اور معیار چیک کیا-مسافروں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’’احساس دستر خوان‘‘ حکومت کا قابل تحسین اقدام ہے۔ وزیراعلی نے سونیا بشیر کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائے اور خاتون کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری کے بھائی سجادہ نشین آستانہ عالیہ کرماں والا شریف پیر سید میر طیب علی شاہ بخاری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کرونا کی پانچویں لہر کے دوران شہری احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں - حکومتی گائیڈلائنز پر عمل کرنا شہریوں کے اپنے مفاد میں ہے-ایس او پیز پر عمل کرنے میں ہی صحت اور زندگیوں کا تحفظ ہے۔