پٹرولیم مصنوعات مہنگی : منی بجٹ نافذ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فنانس (سپلیمنٹری) بل،2022 کی منظوری دے دی اور بل ایکٹ بھی بن گیا، صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت منظوری دی، فنانس ترمیمی ایکٹ 2022 کی ایک مصدقہ کاپی آئی ایم ایف کے حوالے کی جائے گی تاکہ اس کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جا سکے کہ عالمی مالیاتی ادارے کی شرط پر عمل کر دیا گیا ہے، بل کے ایکٹ بننے کیساتھ ہی343 ارب روپے کا بوجھ عوام کی جانب منتقل ہوگیا ہے، ایف بی آر نے مختلف آئٹمزز پر رعایتی جی ایس ٹی کی شرح ختم کرنے اور معمول کا ریٹ نافذ کرنے اور ایکٹ کے تحت تمام اقدامات کی ضروری نوٹیفیکشن جاری کر دیئے ہیں، اس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا، ملک کے اندر بنی تمام گاڑیاں جن میں چھوٹی گاڑیاں شامل ہیں مہنگی ہوگئیں ہیں، ادویات اور پولٹری کی تمام پیکٹ بند مصنوعات مہنگی ہو جائیں گی، بچوں کا دودھ 200گرام سے زائد وزن اور 500کی قیمت سے زائد کے ڈبے پر ٹیکس لگ گیا، درآمدی موبائل فون، تمام بڑی بیکریز آئٹمزکی قیمت میں اضافہ ہو جائے گا، ڈیوٹی فری شاپس سے قواعد سے ہٹ کر نکالی جانے والی اشیاء پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ ختم کردیا گیا ہے ۔ پاکستان میں بنائی جانے والی مشنری، پلانٹس، آپریٹس، ایپالائینسسز، ایکویپمنٹس، مکینیکل اور الیکٹریکل کنٹرول ٹرانسمیشن گیئر، مشنری کے پارٹس، قواعد سے ہٹ کر سیکشن13کے تحت ہونے والی برآمدات، ملکی مینیو فیکچررزکو خام مال کی سپلائی اور شپنگ صنعت کو فراہم کئے جانے والے پارٹس، تن سازی پر چھوٹ ختم کر کے 17 فیصد جنرل سیلز ٹیکس عائد کر دیا گیا، ڈیجیٹل قرآن پاک، اخبارات، جرائد کا کاغذ، نیوز پرنٹ، نئے کرنسی، بنک نوٹس، سٹاک مارکیٹ کے حصص اور پرائز بانڈ کی سپلائی، سونے کی پلیٹس، کاٹن سیڈ، بچوں کی درآمدی خوراک، سلائی مشینیں، ایکسپورٹ پراسیسینگ زون بنانے والی صنعت کو فراہم کئے جانے والے100 اقسام کے تعمیراتی سامان، بحری جہازوں کی درآمد اور ملک میں سپلائی، ادویات کے کام مال کی تیاری کیلئے درآمد ایکٹیو انگریڈیئنٹس، حلال مویشیوں کے گردے، کلیجی، مغز اور ایسی ہی دیگر مصنوعات، الیکٹرانک سرکٹ، پلاسٹک کیپ، بیس کیپ، ٹنسگسٹن فلمنٹ، لیڈ وائر، فلورو سینٹ پاوڈر، ٹرائی براڈ فاسفورس، ایڈہیسو ٹیپ، آل اکسائیڈ سسپینشن، کیپنگ سیمنٹ، سٹیمپ پیڈ، کارڈیالوجی پر17فیصد جنرل سیلز ٹیکس عائدکر دیا گیا، 1800سی سی سے زائدہائی برڈ الیکٹرک گاڑیوں کی درآمدات اور لوکل سپلائی پر12.5فیصد جنرل سیلز ٹیکس عائد، درآمدی موبائل فونز پر ٹیکسوں میں اضافہ منظورکر لیا گیا، ڈرامہ بنانے یا ایڈورٹائزمنٹ بنانے والے غیر ملکی فنکاروں کی آمدن پر بھی انکم ٹیکس ودہولڈ ہو گا، 1000سی سی تک کی گاڑیوں پر ایک لاکھ روپے،1001سی سی زائد لیکن2000 سی سی تک کی گاڑیوں پر 2لاکھ روپے،2001 اور اس سے زائد انجن قوت کی گاڑیوں پر 4لاکھ روپے انکم ٹیکس عائد کر دیا گیا، ملک میں تیار ہونے والی ڈبل کیبن گاڑیوں کی درآمد پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح 7.5فیصد سے بڑھاکر10فیصد کر دی گئی ہے۔ دریں اثنا وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ343 ارب روپے میں سے 280 ارب روپے تو ریفنڈ ہو جائیں گے جبکہ صرف71 ارب کے ٹیکس ہیں۔
اسلام آباد + لاہور (نمائندہ خصوصی + کامرس رپورٹر) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 0.1 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت147روپے 83 پیسے ہوگئی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی تین روپے بڑھائے گئے ہیں جس کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 144 روپے 62 پیسے ہوگئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 3 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے نئی قیمت 116روپے 48 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 3.33 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے نئی قیمت 114.54روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ پٹرول مصنوعات کی نئی قیمتیں گزشتہ شب سے موثر ہوگئی ہیں۔ تاہم وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس بین الاقوامی قیمت کے اضافہ کو سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی کرکے حکومت لاگت برداشت کرے اس کے باعث حکومت کو 26 ارب روپے کا ریونیو نقصان ہوگا۔ فی لیٹر پٹرول پر جی ایس ٹی کم کر کے 1.16 روپے کر دیا گیا۔ فی لٹر ڈیزل پر جی ایس ٹی کم کر کے 4.94 روپے کر دیا گیا۔ پہلے سات روپے 31 پیسے فی لٹر تھا پٹرول پر لیوی 17 روپے 62 پیسے‘ ڈیزل پر 17 روپے 13 پیسے فی لٹر برقرار ہے۔ ملٹی نیشنل اور مقامی گھی اور کوکنگ آئل مینو فیکچررز نے ایک کلو درجہ اول گھی اور ایک لیٹر کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 9 روپے جبکہ آٹا چکی مالکان نے چکی کے تیار کردہ آٹے کی قیمت میں2 روپے فی کلو فی اضافہ کر دیا ہے۔ ملٹی نیشنل گھی اور کوکنگ آئل کمپنی کے درجہ اول آئل کی فی لیٹر قیمت 9 روپے اضافے سے418 روپے جبکہ پانچ لیٹر کی پیٹی کی قیمت45 روپے اضافے سے2090 روپے، درجہ اول گھی کی فی کلو قیمت 9 روپے اضافے سے408 روپے جبکہ پانچ کلو کی پیٹی کی قیمت45 روپے اضافے سے2040 روپے، مقامی کمپنی کے درجہ اول آئل کی فی لیٹر قیمت 9 روپے اضافے سے 414 روپے جبکہ پانچ لیٹر پیٹی کی قیمت 45 روپے اضافے سے2065 جبکہ فی کلو گھی کی قیمت 9 روپے اضافے سے 404 روپے جبکہ پانچ کلو پیٹی کی قیمت 45 روپے اضافے سے2020 روپے ہو گئی۔ علاوہ ازیں آٹا چکی مالکان ایسوسی ایشن نے فی کلو قیمت میں2 روپے اضافہ کر دیا ہے جس سے اس کی قیمت88 روپے سے بڑھ کر90 روپے جبکہ فی من قیمت میں80 روپے اضافے سے 3200 ہو گئی ہے۔ جبکہ بجلی کی قیمت میں بھی تسلسل کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور ایسے میں چکی سے تیار آٹے کی قیمت کی پیداواری لاگت بڑھنے سے اضافہ نا گزیر تھا۔