پارلیمنٹ سلامتی پالیسی سے بے خبر ، بلدیاتی الیکشن کے اگلے مرحلے میں بھی ’’ گو نیازی ‘‘ ثابت کرینگے : فضل الرحمن
مانسہرہ (نیٹ نیوز، نوائے وقت رپورٹ)فضل الرحمن نے کہا ہے کہ قومی سلامتی پالیسی بن رہی ہے اور پارلیمنٹ بے خبر ہے، ہماری قوم کا مستقبل اندھیرے میں دھکیلا جا رہا ہے۔مانسہرہ میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا سکیورٹی پالیسی کی بنیاد پرکشمیرکے ساتھ کھیل کھیلا گیا، عام آدمی کی قوت خرید ختم ہوگئی ہے، عمران پہلے ناجائز حکمران تھے اب نالائق حکمران بھی ہیں۔بلدیاتی انتخابات کے اگلے مرحلے میں بھی گو نیازی ثابت کرکے دکھاناہے، 5 وزیر خزانہ تبدیل ہوئے مگر سٹیٹ بنک کے گورنرکو نہیں ہٹا رہے،کیونکہ سٹیٹ بنک کا گورنر آئی ایم ایف کا ایجنٹ ہے۔اسلام میں بْرائی روکنے کا ذمہ دار حکمران ہوتا ہے، ہمارے ہاں برائی کی جڑ ہی حکمران ہیں، برائیوں کی جڑوں کو اکھاڑ پھینکنا پڑتا ہے۔قوم کے اجتماعی مفادکے لیے علما کو متحد ہوکرکام کرنا ہوتا ہے، قومی معاملات میں ایک فرد کی رائے کافی نہیں، پاکستان میں جے یوآئی کو عوام کی بھرپور حمایت اور اعتماد حاصل ہے۔