ٹیکساس میں آپریشن ، عا فیہ کی رہائی کا مطالبہ کر نیوالا ہلاک ، بر طانوی شہری نکلا
ٹیکساس، لندن (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ میں یہودی عبادت گاہ ’’بیت اسرائیل‘‘ میں داخل ہوکر راہب سمیت 4 افراد کو یرغمال بنانے والا پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ 12 گھنٹے بعد یرغمالی بازیاب کرائے گئے۔ مسلح شخص نے راہب اور 5 افراد کو یرغمال بنالیا جس کے بعد ایک یرغمالی کو جانے کی اجازت دیدی جس نے پولیس کو بتایا کہ اغوا کار راہب کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی چاہتا ہے۔ اغوا کار نے عافیہ صدیقی سے بات کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔ ادھر عافیہ صدیقی کی وکیل ماروا ایلبیل نے کہا واقعہ کا اس کیس سے تعلق نہیں، مرنے والا عافیہ صدیقی کا بھائی نہیں تھا۔ برطانوی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس میں برطانوی شہری کی ہلاکت سے آگاہ ہیں۔ برطانوی شہری کی ہلاکت سے متعلق امریکی حکام سے رابطے میں ہیں۔ غیرملکی خیبر ایجنسی کے مطابق ٹیکساس میں یہودی عبادت گاہ میں لوگوں کو یرغمال بنانے والا برطانوی تھا۔