• news

انگلینڈ پانچواں ٹیسٹ بھی ہار گیا، ایشز 0-4 سے آسٹریلیا کے نام


لاہور(سپورٹس ڈیسک )آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پانچویں ٹیسٹ میچ میں 146 رنز سے شکست دے کر ایشز سیریز 0-4 سے اپنے نام کر لی۔ہوبارٹ میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ۔ آسٹریلیا کی ٹیم 303 رنز کا مجموعہ سکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہی۔انگلینڈ کی پوری ٹیم 188رنز پر ڈھیر ہو گئی۔آسٹریلیا کی ٹیم دوسری اننگز میں 155رنز پر ڈھیر ہو گئی اور پہلی اننگز کی برتری کی بدولت انگلینڈ کو فتح کیلئے 271رنز کا ہدف دیا۔مارک وْڈ نے چھ اور سٹورٹ براڈ نے تین وکٹیں لیں۔ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے انگلینڈ کو دوسری اننگز میں 68 رنز کا مثبت آغاز فراہم کیا تاہم کیمرون گرین کے شاندار سپیل نے میچ کا نقشہ پلٹ دیا۔انہوں نے رورے برنز کو آؤٹ کرنے کے بعد ڈیوڈ ملان اور زیک کرالی کو بھی چلتا کردیا۔اس کے بعد انگلش بلے باز اسکاٹ بولینڈ اور پیٹ کمنز کی تباہ کن باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکے اور پوری ٹیم 124 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پیٹ کمنز، بولینڈ اور گرین نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔آسٹریلیا نے میچ میں 146 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کیساتھ ساتھ ایشز سیریز بھی 0-4 سے اپنے نام کر لی۔ٹریوس ہیڈ کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن