قازق سفیر کی ملاقات، خطے میں امن کیلئے عالمی شراکت داروں کیساتھ تعاون کیلئے پر عزم: آرمی چیف
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان میں جمہوریہ قازقستان کے سفیر مسٹر یرژان کسٹافن نے جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے امید ظاہر کی کہ قازقستان میں امن و امان کی صورتحال جلد بحال ہو جائے گی۔ افغانستان کا حوالہ دیتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے وہاں انسانی بحران کو روکنے کے لیے مخلص بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے۔ معزز مہمان نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔