شاہد خاقان، خواجہ آصف فعال، شریف فیملی سے علیحدگی مثبت پیشرفت، نہ ڈریں، سامنے آئیں: وفاقی وزرا
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی‘ نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن سے نواز شریف کا پتہ صاف کرنے کی کوشش کرنے والے کون ہیں؟۔ معاون خصوصی علی نواز اعوان نے اہم انکشاف کر دیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ لیگی ارکان کے مطابق شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف اس حوالے سے فعال ہیں اور نواز شریف کی جگہ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اﷲ تارڑ نے کہا کہ اس دعوے کو مسترد کرتا ہوں۔ فواد چودھری کو چیلنج ہے کہ مناظرہ کریں اور نام بتائیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپٹ قیادت اپنے مقدمات میں ریلیف کے علاوہ کسی دوسرے موضوع پر گفتگو کرنا نہیں چاہتی۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اگر ن لیگ شریف فیملی سے خود کو علیحدہ کرتی ہے تو یہ مثبت پیش رفت ہو گی، سیاسی جماعتوں کو اخلاقی اور مالی کرپشن کا شکار قیادت بدلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہر مشکل وقت میں کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر لندن پناہ گیر ہو گئے، ایسے لیڈر کی عزت نہیں رہتی۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ خوش آئندہے کہ نون لیگ کے 4ارکان خود کو قیادت کرنے کا حقدار سمجھنے کی جرات رکھتے ہیں۔ حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ان 4افراد کو اپنے عزم کا اظہار بند کمروں میں نہیں کھلے عام کرنا چاہیے۔ یہ 4افراد ساری عمر کیا ڈرتے ہی گزار دیں گے؟۔