60 سال بعد متاثرین تربیلا کی واپڈا کیخلاف اپیل منظور
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے تربیلا ڈیم متاثرین کا ساٹھ سال بعد فیصلہ کردیا۔ عدالت نے متاثرین کے واجبات کے خلاف واپڈا کی اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔ عدالت عظمیٰ نے متاثرین کو معاوضے، متبادل زمین کی ادائیگی سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھنے کا بھی حکم دیا ہے۔ عمر عطا بندیال نے سوال اٹھایا کہ پالیسی کے مطابق تربیلا ڈیم متاثرین کو متبادل زمین نہیں ملی، 206 متاثرین کو دینے کے لیے کتنی زمین درکار ہے۔ واپڈا کے وکیل نے بتایا متاثرین کو دینے کے لیے 5000 ہزار ایکڑ زمین درکار ہے، متاثرین کے معاملات کو ہائیکورٹ فیصلہ کی روشنی میں جائزہ لے لیتے ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے اس موقع پر قرار دیا کہ واپڈا راستہ نکالے اور متاثرین کی تلافی کرے، بھاشا ڈیم متاثرین کیساتھ بھی واپڈا نے معاملات طے کیے، 12 ایکڑ اراضی کیلئے ایک لاکھ 7 ہزار معاوضہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے واپڈا کی اپیل واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی ہے۔