• news

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ملاقات، عمران کی صورت میں کھرا، سچا اور مخلص لیڈر ملا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گلگت  بلتستان کے وزیراعلیٰ بیرسٹر خالد خورشیدکی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شعبہ صحت اور لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن میںگلگت  بلتستان حکومت سے ہر ممکن تعاون کریںگے۔ میڈیکل کالج کے قیام کے حوالے سے بھی گلگت  بلتستان حکومت کو پورا سپورٹ کیا جائے گا۔ پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے گلگت  بلتستان میں لینڈ ریکارڈ کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے میں معاونت کریگا۔ پنجاب حکومت گلگت  بلتستان کو 15ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرے گی۔ پنجاب حکومت نے ہمیشہ دیگر صوبوںکو مختلف شعبوں میں تکنیکی اور فنی معاونت فراہم کی ہے۔ گلگت  بلتستان میں بسنے والے عوام ہمارے بہن بھائی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ گلگت  بلتستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کی شدید مذمت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اور کشمیر کے عوام کے انمٹ رشتے کو جدا نہیں کر سکتی۔ بیرسٹر خالد خورشید نے مختلف شعبوں میں تعاون پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا ۔ بیرسٹر خالد خورشید نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو گلگت  بلتستان کے دورے کی دعوت دی۔ عثمان بزدارسے چیئرمین نیشنل کمشن برائے اقلیتی امور چیلا رام کویلانی کی قیادت میں وفد نے بھی ملاقات کی، جس میں پنجاب میں اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین نیشنل کمیشن اقلیتی امور نے اقلیتوںکے حقوق کے تحفظ اور فلاح وبہبود کیلئے وزیراعلیٰ کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ مینارٹی ڈویلپمنٹ فنڈ کے لئے 1ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ میٹرک سے پی ایچ ڈی کی تعلیم کیلئے اقلیتی طلبا و طالبات کو سکالر شپ دیئے جارہے ہیں۔ نئے پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ پنجاب میں پہلی انٹرفیتھ پالیسی مرتب کرلی گئی ہے۔ ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ  اپوزیشن کی منفی سیاست کا چراغ گل ہوچکا ہے اور  ہجر اقتدار نے اپوزیشن رہنمائوں کو بے چین کیا ہوا ہے۔ ان شاء اللہ یہ بے چینی 2023کے بعد مزید بڑھے گی۔ مسترد شدہ عناصر محض اپنا سیاسی قد بڑھانے کیلئے تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں۔ عمران خان کی بے لوث قیادت کا کوئی نعم البدل نہیں۔ عمران خان کی صورت میں پاکستان کو کھرا، سچا اور مخلص لیڈر ملا ہے۔ ساڑھے تین برس کے دوران تحریک انصاف کی حکومت نے عوامی فلاح وبہبود کیلئے وہ کام کئے جو سابقہ حکومتیں برس ہا برس نہ کر سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوکاڑہ میں مبینہ غفلت سے مریض کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت اور کمشنر ساہیوال سے، راولپنڈی میں شادی ہال کی لفٹ میں پھنس کر بزرگ کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ عثمان بزدار نے سینئر اداکار رشید ناز کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ادھر چیئرمین نیشنل کمیشن برائے اقلیتی امور چیلا رام کویلانی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ ملاقات کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کیے گئے ا قدامات کو سراہا ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما سلیم بریار اور معاون خصوصی برائے بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پنجاب احسن سلیم بریار نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوامی خدمت کی سیاست سے اپوزیشن کی ہر سازش ناکام ہوئی۔ الزامات کی سیاست کرنے والوں کا نہ پہلے کوئی مستقبل تھا، نہ آئندہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن