قومی اسمبلی، حکومت اپوزیشن ملکر بھی کورم پورا نہ کرسکیں، اجلاس ملتوی
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی اجلاس اپوزیشن اور حکومت مل کر بھی کورم پورا نہ کر سکے اور اجلاس کی کارروائی ایجنڈا نمٹائے بغیر (آج) منگل تک ملتوی کر دی گئی۔ دوسری جانب حکومت نے تحریری جوابات میں ایوان کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں ملکی گیس تیزی سے کم ہو رہی ہے جبکہ گیس کی طلب میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے اور اس طرح طلب و رسد کے خلاء میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس پینل آف چیئر کے رکن امجد علی خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر انہوں نے وقفہ سوالات شروع کرنے کا اعلان کیا۔ کورم کی نشاندہی کے بعد پینل آف چیئر کے رکن نے ایوان میں گنتی کرائی۔ اس موقع پر حکومتی ارکان کی جانب سے آغا رفیع اللہ سے کورم کی نشاندہی واپس لینے کی استدعا کی گئی جس پر وہ کورم کی نشاندہی واپس لینے پر تیار ہوگئے۔ تاہم امجد علی خان نے ایوان کی کاروائی کورم پورا ہونے تک ملتوی کردی۔ بعد ازاں پینل آف چیئر کے رکن نے دوبارہ گنتی کرائی اس موقع پر اپوزیشن ارکان بھی کورم پورا کرنے کے لئے ایوان میں بیٹھے رہے تاہم اپوزیشن اور حکومت دونوں کے ارکان مل کر بھی کورم پورا نہ کرسکے جس پر ایوان کی کاروائی (آج) منگل تک ملتوی کردی گئی ، اجلاس ملتوی کئے جانے پر جمعیت علماء اسلام (ف) کی رکن عالیہ کامران نے شیم شیم کی آوازیں لگائیں ۔