ایلیٹ فورس پنجاب پولیس کا ہر اول دستہ ہے: آئی جی پنجاب
لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ خطرناک دہشتگردوں،سفاک مجرمان اور انتہائی مشکل آپریشنزسے نبرد آزما ہونے کیلئے ایلیٹ فورس پنجاب پولیس کا ہراول دستہ ہے۔ ہنگامی حالات سے فوری نمٹنے اور ایلیٹ فورس کے رسپانس ریٹ کو مزید بہتر بنانے کیلئے ٹریننگ ایکسرسائسز جاری رکھی جائیں اورایلیٹ اہلکاروں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کیلئے مختلف شعبوں کے ماہر انسٹرکٹرز کی خدمات سے استفادہ کیاجائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایلیٹ ٹریننگ سکول کے دورے کے دوران اجلاس کی صدارت اور اہلکاروں کے دربار سے خطاب کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے ایلیٹ فورس کے جوانوں کی موک ایکسرسائز اور فائرنگ پریکٹس کامعائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر منعقدہ دربار میں آئی جی پنجاب نے ایلیٹ اہلکاروں کے مسائل سنتے ہوئے ان کے ازالے کیے لئے احکامات جار ی کئے۔آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں تعریفی اسناد اور نقد انعام تقسیم کئے۔