• news

نیب کراچی کی کارکردگی شاندار، امید ہے تسلسل رکھے گا: چیئرمین

اسلام آباد (نامہ نگار) نیب کراچی نے4  سال کے دوران نیب آرڈیننس1999 ء کے سیکشن 10  اور25  بی کے تحت464  ملزمان کو سزا دلوائی ہے اور ان سے اربوں روپے ریکور کئے گئے ہیں جبکہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کراچی کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت  نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس  ہوا، جس میں10 اکتوبر2017 ء سے31  دسمبر2021 ء تک نیب کراچی کی کارکردگی بالخصوص نیب آرڈیننس1999 ء کی شق10  اور25   بی کے تحت سزائوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی نیب کراچی ڈاکٹر نجف قلی مرزا نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی نے بتایا کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں 10  اکتوبر2017 ء سے31  دسمبر 2021 ء کے دوران نیب کراچی کی بھرپور پراسیکیوشن کے باعث نیب آرڈیننس1999 ء کی شق10 کے تحت 218  اور شق 25  بی کے تحت246  ملزمان کو سزا ہوئی۔ اجلاس کے دوران ڈی جی نیب کراچی نے بتایا کہ2021 ء  میں نیب آرڈیننس1999  ء شق 10  کے تحت جن53   ملزمان کو سزا سنائی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین  نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کی مجموعی کارکردگی میں نیب کراچی کی شاندار کارکردگی کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے ڈی جی نیب کراچی ڈاکٹر نجف قلی مرزا کی سربراہی میں نیب کراچی  کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ نیب کراچی مستقبل میں  بھی ایسی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھے  گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا ایمان  کرپشن فری پاکستان ہے۔ نیب کے تمام افسر بدعنوانی کے خاتمہ کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن