• news

کمانڈر عمان نیوی کی ملاقات، تعاون کے مثبت اثرات ہونگے: جنرل ندیم رضا

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) عمان کی رائل نیوی کے کمانڈر ایڈمرل سیف ناصر محسن الرحبی نے گزشتہ روز جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں سکیورٹی اور علاقائی امور کے علاوہ دوطرفہ فوجی تعلقا ت کی سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پاکستان اور اومان کے درمیان موجودہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اومان کے مابین تعاون خطے میں امن و سلامتی پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔ جنرل ندیم رضا نے اس بات کا  بھی اعادہ کیا کہ افغانستان میں طویل مدتی امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے تمام علاقائی ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ معزز مہمان نے عمان کی مسلح افواج کی استعداد کار بڑھانے میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن