ڈپٹی کمشنر ننکانہ کا منڈی فیض آباد میں یعقومیہ ٹرسٹ ہسپتال کا دورہ
منڈی فیض آباد (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر ننکانہ زاہد پرویز و ڑائچ نے سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ننکانہ ڈاکٹر راشد خان کے ہمراہ منڈی فیض آباد میں قائم یعقومیہ ٹرسٹ ہسپتال میں غریب عوام کو مفت مہیا کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ خصوصی ملاقات کی اور فلاحی کام کرنے پر ہسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہااورضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ زاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ ہسپتال انتظامیہ آئندہ بھی غریب عوام کے لے ایسے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر کردار اداکرے گی۔اس موقع پر ہسپتال میں مہیا کی جانے والی سہولیات بارے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دیتے بتایا گیا کہ ہسپتال میںمریضوں کو فری ادویات کی فراہمی کیساتھ ساتھ نظر کی عینکیں بھی فراہم کی جارہی ہیں،ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کو کھانا بھی دیا جاتاہے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طارق علی ڈھلوں کے ہمراہ منڈی فیض آباد میں زیر تعمیر سیوریج نالہ کے تعمیراتی کام کا جائزہ بھی لیا۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے سیوریج نالہ کے تعمیراتی کام کو 31 مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت جاری کیں۔