گروپ بندی کرنے والوں کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں: پرویز خٹک
بٹ خیلہ (نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وہ پارٹی میں کسی قسم کی گروپ بندی کو برداشت نہیں کرسکتے، جو لوگ گروپ بندیاں کررہے ہیں وہ دوسری پارٹیوں میں چلے جائیں، بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلہ سے پی ٹی آئی کا مستقبل وابستہ ہے۔ اگر بلدیاتی الیکشن میںکامیابی حاصل کی تو آئندہ حکومت بھی پی ٹی آئی کی ہوگی۔ بلدیاتی الیکشن کے لیے تحصیل ٹکٹ ویلیج کونسل کی سطح پر مخلص کارکنوں پر مشتمل کمیٹی کی نامزدگی پر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع تھانہ کے مقامی شادی ہال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ پارٹیاں ورکروں کی طاقت سے بنتی ہیں۔ جب کارکن ناراض اور ان کے مسائل حل نہیں ہونگے تو وہ کبھی نظریاتی بن جاتے ہیں اور کبھی کچھ اور طریقے اختیار کرتے ہیں جس سے پارٹی کو نقصان کا اندیشہ ہوتا ہے۔ اس لئے آنے والے بلدیاتی الیکشن میں تحصیل چئیرمین اور مئیر شپ کے لئے انہوں نے کارکنوں کی مشاورت سے ٹکٹ تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہر ویلیج کونسل کی سطح پر پچاس ساٹھ مخلص اور نظریاتی کارکنوں کی کمیٹیاں بنائیں گے اور انہوں نے جس امیدوار کی سفارش کی تو ٹکٹ انہیںملے گا۔ انہوں نے ضلع مالاکنڈ کے تینوں تحصیلوں سے چیئرمین ٹکٹ کیلئے دینے والے امیدواروں کو کھڑا کرکے ان سے عہد لیا کہ پارٹی نے جسے بھی ٹکٹ دیا تو وہ اسے سپورٹ کریں گے۔