مہنگائی جلد کنٹرول کرنا ناگزیر‘ پارٹی کارکن قیمتی اثاثہ: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے تحریک انصاف ملتان کے عہدیدار شوکت علی قریشی اور (ن) لیگی سینئر رہنما ڈاکٹر متین احمد نے سینئر نائب صدر مسلم لیگ پنجاب مخدوم بابر علی کی سربراہی میں ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ملک میں روز بروز بڑھتی مہنگائی کو جلد کنٹرول کرنا ناگزیر ہے، روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں استحکام لانا اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے خدمت کے سفر کو تیز کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مخلص کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی کی صوبائی وزیر خوراک حامد یار ہراج سے سپیکر چیمبر میں ملاقات ہوئی۔ چودھری پرویز الٰہی نے حامد یار ہراج کو صوبائی وزیر بننے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ یہ ہنگامی طور پر بھرپور توجہ طلب محکمہ بن چکا ہے، اسے درست کرنے کی ضرورت ہے۔