• news

کاہنہ: لیڈی ڈاکٹر جوان بیٹے، دو بیٹیوں سمیت قتل

کاہنہ (نامہ نگار) کاہنہ میں نامعلوم افراد نے لیڈی ڈاکٹر‘ اس کے جوان بیٹے اور دو بیٹیوں کو قتل کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور  آئی جی پنجاب نے لرزہ خیز واردات کا سخت نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق کاہنہ کے علاقہ ایل ڈی اے گول چکر کے قریب گجومتہ کی رہائشی خاتون ہیلتھ ڈاکٹر ناہیدہ اپنے تین بچوں 21سالہ تیمور، 16سالہ ماہ نور، 8سالہ جنت فاطمہ کے ساتھ اپنے کمرے میں سو رہی تھی کہ رات گئے نامعلوم ملزموں نے گھر میں داخل ہو کر تمام کے سروں میں گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ صبح کے وقت کرایہ دار پانی کی موٹر چلانے کیلئے آیا تو پتا چلا تو محلے داروں نے شور مچایا۔ اس وقعہ سے بے خبر مقتولہ ناہیدہ کا چھوٹا بیٹا زین جو کہ دوسرے کمرے میں سو رہا تھا بچ گیا۔ اطلاع پر کاہنہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام مقتولین کی نعشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کر دیا۔ فارنزک ٹیموں نے تمام شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس کے مطابق قتل کی وجہ عناد معلوم نہیں ہو سکی۔ یاد رہے مقتولہ ڈاکٹر ناہیدہ کے شوہر نے چند سال قبل دوسری شادی کر لی تھی جس کی وجہ سے مقتولہ اکیلے ہی اپنے بچوں کے ہمراہ گجومتہ میں رہائش پذیر تھی۔ اہل محلہ کے مطابق وہ پچیس سال سے یہاں رہائش پذیر تھے۔ پولیس کے مطابق یہ افراد رات ایک دو بجے کے قریب قتل ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے قتل میں ملوث ملزموں کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مقتولین کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن