• news

کشمیریوں کا قتل عام: بھارتی آرمی چیف، وزیر داخلہ گرفتارکئے جائیں، لندن پولیس کو برطانوی لا فرم کی درخواست

لندن (نوائے وقت رپورٹ) کشمیریوں کے قتل میں ملوث ہونے پر برطانوی لا فرم نے بھارتی آرمی چیف اور وزیر داخلہ کی گرفتاری کیلئے لندن پولیس کو درخواست دیدی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کی ایک لا فرم نے بھارتی آرمی چیف جنرل منوج مکنڈ اور بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ کی گرفتاری کیلئے لندن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وار کرائم یونٹ میں درخواست جمع کرا دی۔ درخواست کے مطابق اس بات کے متعدد ثبوت ہیں کہ بھارتی آرمی چیف اور وزیرداخلہ کشمیریوں پر مظالم‘ انسانی حقوق کے کارکنوں‘ صحافیوں اور عام کشمیری شہریوں کے اغوا اور قتل کے ذمہ دار ہیں۔ بھارتی فوجیوں نے آرمی چیف اور بھارتی وزیرداخلہ کے احکامات پر کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی آرمی چیف اور وزیرداخلہ جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے ہیں اس لئے انہیں گرفتار کیا جائے۔ لا فرم کے بیان کے مطابق درخواست لندن میٹرو پولیٹن پولیس کے وار کرائم یونٹ میں جمع کرائی گئی ہے جس کے ساتھ بڑی تعداد میں ثبوت بھی فراہم کئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن