2021: چین کی درآمدات میں ریکارڈ اضافہ
اسلام آباد (کامرس رپورٹر ) چین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کیساتھ ساتھ پاکستان کی چین کو برآمدات 2021ء میں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں، سی پیک اور تجارتی تعاون باہمی طور پر فائدہ مند ہے اور اس نے دونوں ممالک کے عوام کو ٹھوس فوائد پہنچائے ہیں ۔ یہ بات چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہی ۔چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کے تازہ ترین اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2021ء میں چین کی پاکستان کو درآمدات اور برآمدات کی کل مالیت میں سالانہ 59.1 فیصد اضافہ ہوا۔ جس میں برآمدات میں 57.8 فیصد اور درآمدات میں 68.9 فیصد اضافہ شامل ہے ۔چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق اس وقت چین پاکستان کے لیے برآمدات کا دوسرا بڑا اور درآمدات کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق 2021 ء میں چین کی ہمسایہ ممالک کو برآمدات میں پاکستان سرفہرست ہے، جس نے دیگر آبادی والے ممالک بھارت اور بنگلہ دیش کو پیچھے چھوڑ دیا۔ چین کو برآمدات میں حالیہ اضافے کا رجحان دونوں ممالک کی حکومتوں اور کاروباری اداروں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کے پہلے مرحلے کے تحت پاکستان پہلے ہی چین کو 700 سے زائد مصنوعات کی برآمدات پر صفر ڈیوٹی سے لطف اندوز ہو رہا ہے۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں پاکستان کو 313 نئی اشیاء چینی مارکیٹ میں صفر ڈیوٹی پر برآمد کرنے کی اجازت دی گئی۔ خصوصی اقتصادی زونز کی تعمیر سے پاکستان کو چین سمیت دیگر ممالک کو اشیاء برآمد کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔