ہونڈا موٹرسائیکل کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 3.4 فیصد اضافہ
لاہور( این این آئی)اٹلس ہونڈا اور پاک سوزوکی کی موٹرسائیکلوں کی فروخت میں ماہانہ بنیاد پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان آٹو موٹیومینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق اٹلس ہونڈا اور سوزوکی نے دسمبر 2021 میں ایک لاکھ 15 ہزار 80 موٹرسائیکلیں فروخت کیںجو نومبر کی فروخت سے 10 فیصد کم ہے تاہم سالانہ بنیاد پر ہونڈا موٹرسائیکل کی فروخت میں 3.4 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سوزوکی موٹرسائیکل کے دسمبر میں تین ہزار 115 یونٹس فروخت ہوئے جو نومبر میں ہونے والی فروخت سے 4.5 فیصد کم ہے۔اٹلس ہونڈ نے 3 نومبر کو موٹر سائیکلوں کی قیمت میں ساتویں بار 6 ہزار 500 روپے جبکہ یکم دسمبر کو سوزوکی جی ڈی 110 ایس، جی ایس 150 سی سی اور جی ایس 150 ایس ای کی قیمتوں میں 5ہزار روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔ یہ تینوں قسمیں اب ایک لاکھ 99 ہزار روپے، دو لاکھ 15 ہزار روپے، اور دو لاکھ 32 ہزار روپے میں دستیاب ہیں۔