پوائنٹ آف سیلز سسٹم ناقابل قبول ہے : نعیم میر
لاہور(کامرس رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران کے سیکرٹری جنرل نعیم میر نے کہا ہے کہ پوائنٹ آف سیلز سسٹم ناقابل قبول ہے ۔ایف بی آر کی مشینری نے اسے تاجروں کو ہراساںکرنے کا ٹول بنا لیاہے۔ اس یک طرفہ نظام کے نفاذ سے قبل حکومت کو سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنا اور تاجروں کواعتماد میں لینا چاہیے تھا تاکہ اس پر عمل درآمد اور حکومت ریوینیو کے حصول میں مشکلات پیش نہ آتیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر سمیت ملک بھر کے چیمبرز اور تاجر تنظیمیں پوائنٹ آف سیلز سسٹم کے حوالے سے تحفظات اور خدشات کا اظہار کر رہی ہیں ،یہ بھی شکایات آرہی ہیں ،جن تاجروں پر یہ لاگو نہیں ہوتاانہیں بھی ایف بی آر کی مشینری ہراساں کر رہی ہے۔ جس سے تاجر اور حکومت آمنے سامنے کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہول سیلرز اور ریٹیلرز کی تشریح میں پایا جانے والا ابہام دور کیا جائے۔ اور جب تک کو ئی اتفاق رائے پیدا نہ ہو اسے لاگو نہ کیا جائے۔ وگرنہ یہ سسٹم تاجروں اور حکمت دونوں کیلئے مشکلات پیدا کرتا رہے گا۔